پی ٹی آئی والے کہتے ہیں ہم دہشت گردوں سے بات کر سکتے ہیں،یہ پارلیمان میں اپنے ساتھیوں سے بات نہیں کرتے،وزیر خارجہ
اسلام آباد ( 13 فروری 2023ء ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان یہ چاہتا تھا کہ کس طرح سیاسی مخالفین کو نشانہ بناؤں،یہ کہتے ہیں کہ ہم دہشت گردوں سے بات کر سکتے ہیں لیکن پارلیمان میں اپنے ساتھیوں سے بات نہیں کرتے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے جمہوریت کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی،سماجی اور معاشی بحران سے گزر رہا ہے،ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جو سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرے گی،پارلیمان میں سب ایک دوسرے کے ساتھ چلیں گے۔
یہ لوگ کس کوڈ آف کنڈیکٹ کے تحت الیکشن میں مقابلہ کریں گے،آئین کیخلاف جب بھی فیصلے دئیے گئے ملک اور قوم کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں جب تک یہ ملک آئین اور قانون کے مطابق چلے گا عوام کو حق ملے گا،73 کے آئین سے پہلے ملک میں الیکشن نہیں ہوتے تھے،پہلی مرتبہ امیر اور طاقتور طبقہ عام آدمی سے ووٹ کی بھیک مانگنے پر مجبور ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانات نے میرے والد اور فیملی کیلئے خطرات بڑھا دئیے،اگر میرے والد، پارٹی رہنماء یا مجھ پر حملہ ہوا تو اس کا بھی حساب لیا جائےگا، عمران خان نے آصف زرداری پر غلط الزامات عائد کئے،عمران خان ان الزامات سے قبل میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کے حواریوں کی دہشت گردوں کی سہولت کاری اور ہمدردی کے حوالے سے دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں۔عمران خان جب حکومت میں تھا تو دہشتگردوں کو رہا اور جمہوریت پسندوں کوگرفتار کراتا تھا،عمران خان نے خیبرپختونخوا کو دہشتگرد تنظیموں کے حوالے کیا،آج تک اس کی پارٹی دہشت گرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی ہے۔ عمران خان کو سمجھنا چاہئیے کہ ہر مرتبہ اس کی بیوی کو خواب آنے پر وہ ٹی وی پر آکر لوگوں سے متعلق الزامات عائد نہیں کرسکتا، عمران خان کی اہلیہ کے خواب عدالتوں میں ثابت نہیں کئے جاسکتے۔
Post a Comment