ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا

کروڑوں ڈالرز کے اضافے سے ملک کے مجموعی ذخائر 8ارب 72کروڑ 65 لاکھ ڈالر ہوگئے
ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا

لاہور ( اخبارتازہ ترین۔ 23 فروری2023ء) ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا، کروڑوں ڈالرز کے اضافے سے ملک کے مجموعی ذخائر پونے 9 ارب ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر میں مجموعی طور پر 6 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں اضافہ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں کمی ہوئی ہے۔
مرکزی بینک سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا جس سے مجموعی ذخائر 8ارب 72کروڑ 65 لاکھ ڈالرز ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 6 کروڑ 60لاکھ ڈالر اضافے سے 3.25 ارب ڈالر ہوگئے۔ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 4 کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد ذخائر 5 ارب 47 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے۔
دوسری جانب قرض پروگرام بحال کرنے کیلئے کوشاں پاکستان کی حکومت سے آئی ایم ایف نے مزید مطالبات کر دیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کی مانیٹری پالیسی میں مزید سختی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو پیشگی اقدامات بروقت کرنے کے لیے مسلسل آئی ایم ایف کے دباؤ کا سامنا ہے۔ آئی ایم ایف نے مانیٹری پالیسی سخت کرنے پر اصرار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اگر آئی ایم ایف مطالبے پر عمل کرتے ہوئے مانیٹری پالیسی سخت کی تو اس سے شرح سود بڑھنے کا خدشہ ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے شرح سود میں مزید 2 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کی بنیادی شرح سود اس وقت 17 فیصد ہے۔ خدشہ ہے کہ آئی ایم ایف کے دبائو پر آئندہ مانیٹری پالیسی میں شرح سود 19فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کے حساب سے مانیٹری پالیسی میں سختی کی جائے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان حکومت کے نمائندوں اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والی حالیہ ورچوئل میٹنگ میں پاکستان کی جانب سے اسٹاف لیول معاہدے کی تکمیل کے لیے کوششیں کی گئیں، میٹنگ میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیشگی اقدامات سے آگاہ کیا، ورچوئل میٹنگ میں پاکستان نے جون تک زرمبادلہ کے ذخائر کے اہداف کی حکمت عملی بھی پیش کی۔
ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات، معاہدے کیلئے ایم ای ایف پی مسودہ جلد فائنل کرلیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے دوست ملکوں کی فنانسنگ پربھی بریفنگ دی، چین کے ساتھ ری فنانسنگ پر بریفنگ میں چین کے 700 ملین ڈالر کے ری فنانسنگ فیصلے سے آگاہ کیا گیا، آئی ایم ایف کو متحدہ عرب امارات سے 1.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ پر بھی بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ آئی ایم ایف کو متحدہ عرب امارات اور قطرکی اسٹاک مارکیٹ میں حصص کے ذریعے فنانسنگ سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی قسط جلد موصول ہونے کا امکان ہے۔

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post