سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کردی

 لاہور ہائیکورٹ ایسی ہی درخواست پر حکم امتناعی جاری کر چکی ہے،اسپیکر کے پاس استعفیٰ منظور کرنے کا اختیار ہی نہیں تھا۔درخواستگزار کے وکیل کا موقف

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی ..

کراچی(اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2023ء) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کردی۔سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کراچی کے مستعفی ایم این ایز کی استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔عدالت نے درخواست پر مزید سماعت اکیس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، اسپیکر و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار کے وکیل شہاب امام ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری کا پروسیس قانون کے مطابق پورا نہیں کیا۔استعفے دینے والے ارکان سے استعفوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں کیا ہوا ہے یہ بتائیں۔وکیل نے بتایا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی ہے، لاہور ہائیکورٹ ایسی ہی درخواست پر حکم امتناعی جاری کر چکی ہے۔

اسپیکر کے پاس استعفیٰ منظور کرنے کا اختیار ہی نہیں تھا،پی ٹی آئی کراچی کے اراکین قومی اسمبلی نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکے جائیں۔لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے تمام اراکین اسمبلی کو ان کی نشستوں پر بحال کردیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد کراچی میں ضمنی انتخابات کا جواز نہیں رہتا۔ خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس شاہد کریم درخواست پر سماعت کی۔ ریاض فتیانہ سمیت سابق 43 ارکان قومی اسمبلی کی طرف سے علی ظفر پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ 43 راکین نے 23 جنوری کو اسپیکر کو استعفے واپس لینے کیلئے چٹھی لکھی تھی،اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے آئین کے تحت انکوائری نہیں کی اور کبھی اسپیکر کے پاس پیش نہیں ہوئے۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ اراکین کو سنے بغیر اسپیکر استعفے منظور نہیں کر سکتا۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 43 ایم این اے ایز کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کر دیا،عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے اور 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دیا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 43 سابق رکن قومی کے استعفے منظور کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کیا اور درخواست دائر کی گئی،درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post